لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اور فیصلے کا آج رات سے اطلاق ہوگا۔
وزیر اطلاعات ونشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اگلے بدھ تک مارکیٹوں میں سخت لاک ڈاؤن رہے گا، عیدالفطر والے ایس او پیز کا عیدالاضحی پر بھی نفاذ ہوگا، مویشی منڈیوں میں سخت ایس او پیز پرعمل درامد کروایا جائے گا، تھیٹر، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات کھولنے کے لیے محرم کے بعد معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پنجاب میں تمام مارکیٹیں آئندہ 10 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مارکیٹیں بند کرنے کی تجویز صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے دی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور پنجاب حکومت کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے فیصلے کی منظوری دے دی جب کہ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان آج نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ پر سیر وسیاحت کے لیے دوسرے شہروں اور صوبوں میں جانے پر پابندی زیر غور ہے اور بکرا منڈیوں کے اوقات کار بھی محدود کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔