اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کا کہنا ہے کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے اور کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر نہیں ہوسکتی۔
کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق دہری الیکٹورل فہرستوں کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر نے دورانِ سماعت ایم کیو ایم کے وکیل سے کہا کہ آپ مختلف فورمز پر گئے لیکن پہلے کبھی یہ مسئلہ نہیں اٹھایا، آپ سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن میں گئے لیکن یہ معاملہ پہلی بار اٹھایا ہے، کوئی اور بھی مسئلہ ہے تو وہ بھی آج ہی اٹھالیں تاکہ ہم اکٹھے سن لیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے ایم کیو ایم کے وکیل سے کہا کہ آپ غلط بیان دے رہے ہیں کہ دہرے الیکٹورل رولز استعمال ہورہے ہیں، ہم آپ کی بات کو مسترد کرتے ہیں کہ دہرے الیکٹورل رولز پر الیکشن ہورہے ہیں، آپ سمجھتے ہیں کہ آپ الیکشن میں تاخیر کروالیں گے، آپ کے اب تک کے دلائل غیر متعلقہ ہیں۔
سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہوسکتی، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔