راولپنڈی: کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے جوان سمیت 2 افراد شہید اور چار شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے بڑوہ اور ٹینڈر سیکٹر میں فائر کھول دیا، جس سے گاؤں بڑوہ کا پندرہ سالہ لڑکا شہید ہوگیا جب کہ گاؤں کرتن کی خاتون سمیت چار شہری زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک پاکستانی فوجی سپاہی شفیق نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ پاکستانی فوجوں نے فائر اُگلنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھاری نقصانات کی اطلاع ہے۔
آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ و گولا باری میں آئے روز اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی پر پاکستان میں تعینات بھارتی سفارت کاروں کو بارہا دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا جاتا ہے تاہم بھارت کا جنگی جنون کسی طور کم ہونے میں نہیں آرہا جب کہ عالمی برادری بھی بھارت کو روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رواں برس اب تک بھارت کی جانب سے 2334 مرتبہ سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔