کراچی میں رات گئے بارش اور ژالہ باری، آج بھی بارش متوقع

کراچی: شہر قائد سے متعلق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آج تیز بارش کا امکان نہیں تاہم کچھ علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں آج تیز بارش کا امکان نہیں، مغربی ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ سسٹم ملک کے دیگر مقامات پر 4 اپریل تک اثرانداز رہے گا۔
مزید براں شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جب کہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی رپورٹ ہوئی۔
ایئرپورٹ، شاہ فیصل، ملیر، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیوکراچی، جہانگیر روڈ، گرومندر، یونیورسٹی روڈ، ناردرن بائی پاس، گارڈن، سرجانی ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن میں بھی بارش ریکارڈ ہوئی۔
بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی معطل جبکہ گلستان جوہر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، یوں 2 روز میں بارش کے دوران حادثات سے اموات کی تعداد 7 ہوگئی۔