لاہور: لاہور میں کورونا وائرس کی بے قابو ہوتی صورت حال کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کردی گئیں۔
ہفتہ اور اتوار کو شہر میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ ان دو روز میں تمام قسم کے کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی، صرف میڈیکل اسٹور، پٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دُکانیں کھلی رہیں گی، لہٰذا شہریوں سے گزارش ہے کہ آج ہی اشیاء ضروریہ کی خریداری کرلیں، ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ کورونا وائرس سے روزانہ ریکارڈ تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں، اس لیے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روک کر قیمتی جانیں بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنا لازم ہے، عوام مشکل کی اس گھڑی میں سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں، یہ مشکل اور کڑا امتحان ہے، کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنائیں، اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔