لیڈی ڈاکٹر خودکشی کیس، اسلحہ کے مالک کا پتا چل گیا!

کراچی: لیڈی ڈاکٹر ماہا خودکشی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق پولیس نے اسلحے کے مالک کا پتا لگالیا ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر ماہا خودکشی کیس میں پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کے مالک کا پتا لگالیا گیا ہے، واردات میں استعمال اسلحے کا لائسنس سعد نصیر نامی شخص کے نام پر ہے، سعد نصیر نے اسلحہ 2010 میں بشیر خان ٹریڈنگ کمپنی سے خریدا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلحہ بیرون ملک سے بلوچستان آیا تھا، اسلحے کے مالک سعد نصیر کی تلاش شروع کردی گئی ہے جب کہ سعد نصیر کے ڈاکٹر ماہا سے روابط کے حوالے سے بھی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری طرف پولیس نے ڈاکٹر ماہا علی کے قریبی دوست جنید کا بیان قلم بند کرلیا ہے، خاتون ڈاکٹر ماہا کے دوست جنید نے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر ماہا سے جلد شادی کرنے والا تھا، ماہا کو روز نجی اسپتال سے پک اینڈ ڈراپ کرتا تھا جب کہ جس دن ماہا نے خودکشی کی، اس روز مجھے گھر آنے سے منع کیا۔
لیڈی ڈاکٹر ماہا کے دوست جنید نے بیان میں بتایا کہ مرحومہ سے میرے روابط 4 سال سے تھے، ماہا گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے ڈپریشن میں رہا کرتی تھیں اور ماہا کا اکثر اپنے والدین سے جھگڑا بھی رہتا تھا۔

Lady doctor suicide