نئی دہلی: بھارتی فضائیہ میں مہارت اور تجربے کے فقدان کے باعث حادثات معمول ہیں، بھارتی فضائیہ کے طیارے اپنے پائلٹس کے لیے شمشان گھاٹ ثابت ہورہے ہیں۔
گزشتہ 30 برس کے دوران بھارتی فضائیہ کے 534 چھوٹے بڑے طیارے حادثات کا شکار ہوچکے، جن میں مجموعی طور پر 152 پائلٹ ہلاک ہوئے۔ صرف گزشتہ 5 برس ہی میں 45 فضائی حادثات میں 42 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔
بھارتی فضائیہ کے مارچ 2017 سے اب تک 18 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوچکے ہیں۔ زیادہ تر حادثات پائلٹ کی غفلت، غیر معیاری دیکھ بھال اور ناکافی تربیت کے باعث پیش آئے۔ بھارتی فضائیہ میں MIG-21 طیارے Flying Coffen اور Widow Maker کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
2012 میں بھارتی وزیر دفاع نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ بھارت MIG-21 بیڑے کے نصف سے زائد طیارے حادثات میں کھوچکا جب کہ 872 طیاروں کے بیڑے میں سے 482 حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔ صرف 2021 ہی میں پانچ MIG-21 حادثات کا شکار ہوئے۔
8 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر کریش میں جنرل بپن راوت سمیت 13 فوجی افسران ہلاک ہوئے تھے۔ جنوری 2023 میں مدھیا پردیش میں SU-30 اور میراج 2000 ٹکرا کر تباہ ہوگئے تھے۔ علاوہ ازیں 8 مارچ 2023 کو بھارتی بحریہ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں ڈوب گیا تھا۔