پشاور: خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ تک ملتوی ہونے کا اندیشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے خیبر پختون خوا میں 16 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سےرابطہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق مشاورت شروع کردی ہے۔
موسمی حالات کے باعث بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ میں کرائے جانے کا امکان ہے۔
صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں مالاکنڈ اور ہزارہ کے پہاڑی علاقے شامل ہیں۔ دسمبر اور جنوری میں ان علاقوں میں برف باری ہوتی ہے اور موسم سرد ہونے کے باعث ان علاقوں کی اکثریتی آبادی میدانی علاقوں کا رُخ کرتی ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق ان حالات میں الیکشن کے انعقاد سے آبادی کا بڑا حصہ ووٹ کے حق سے محروم ہوجائے گا۔ پی ٹی آئی مالاکنڈ تنظیم نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے اور الیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے درخواست کی، تاہم الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا ہے۔
انہوں نے کہا اگر انتخابات مارچ تک ملتوی کیے جائیں تو تمام لوگوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔