اردن کے شاہ عبداللہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: اردن کے شاہ عبداللہ دوم دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ اُردن کے بادشاہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں نور خان ایئربیس پہنچنے پر ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے اعلیٰ سطح وفد کا استقبال کیا۔
شاہ عبداللہ دوم کا دورۂ پاکستان، اردن اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث ہوگا۔
شاہ عبداللہ دوم وہاں سے وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیرِاعظم ہاؤس میں شاہ عبداللہ دوم کی وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوگی اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔
شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ، پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

Arrived in PakistanKing of JordanShah Abdullah