گیارہ سالہ محبت سولہ ماہ میں قتل

کہتے ہیں‌ پیار قربانی مانگتی ہے اور کراچی کی رہائشی کانتا کماری نے محبت کا خراج جس طرح ادا کیا، اسے جان کر روح کانپ جاتی ہے۔

کانتا کماری اور میگراج آنند برسوں سے ایک دوسرے کو چاہتے تھے دونوں ہی کراچی کے قدیمی علاقے لی مارکیٹ کے باسی تھی۔ کانتا کماری نے اپنی محبت کو پانے کے لئے گیارہ سال کے بعد اپنی والدہ اور بھائی راجیش کا بلا آخر آمادہ کر لیا تھا۔ گذشتہ برس کانتا اور میگراج آنند کی شادی ہوگئی۔ چھ ماہ قبل بیٹی کی پیدائش کے ساتھ ہی کانتا اور میگراج کے درمیاں چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑنے جھگڑنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پیار کی شادی کی مجبوری میں کانتا سسرال کی ساری باتیں اپنے میکے سے چھپاتی رہی۔

چھہ جون کو کانتا کے بھائی راجیش کو اچانک اطلاع ملی کہ اس کی بہن کانتا نے باتھ روم میں خودکشی کرلی ہے۔ راجیش نے بتایا کہ یہ اطلاع پورے گھر پر بجلی گرنے کے مترادف تھی۔ ہمیں فوری سول اسپتال پہنچنے کا کہا گیا جب ہم وہاں پہنچے تو میری بہن کے جسم پر زخموں کے نشانات واضح تھے جس پر ہمیں شک ہوا کہ معاملہ خودکشی کا نہیں بلکہ قتل کا ہے۔

کانتا کے سسرالیوں نے عجلت میں کانتا کو دفنا دیا۔ ( ہندو کمیونٹی کے کچھ قبیلے میت کو جلانے کے بجائے دفناتے ہیں)۔ اس پر ہم نے پولیس کو شکایت کی اور ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی، جس کے بعد بغدادی پولیس نے کانتا کے شوہر میگراج کو گرفتار کرلیا۔ کانتا کے بھائی راجیش نے عدالت کو قبر کشائی کی بھی درخواست دی ہے اور عدالت نے قبرکشائی کا حکم بھی دیدیا ہے۔ کانتا کے لواحقین اب قبر کشائی کا انتظار کر رہے ہیں۔

راجیش کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ کانتا نے خودکشی نہیں کی ہے کیونکہ کانتا نے اپنی بڑی بہن کو آگاہ کیا تھا کہ سسرال والے اس پر تشدد کرتے ہیں لیکن گھر کے دیگر افراد سے یہ بات چھپائی گئی تھی۔

کانتا مہیشوری کے بھائی راجیش مہیشوری کی مدعیت میں گذشتہ ہفتے بغدادی تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق کانتا کے گلے میں پھندا ڈال کر اس کے شوہر میگراج اور دیگر نے قتل کیا ہے، جس کے کانتا کی گردن پر واضح نشانات موجود ہیں۔ پولیس تفتیش کے مطابق مدعی کی شکایت پر کانتا کے شوہر میگراج آنند کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ لیکن ملزم کا دعوا ہے کہ اس کی بیوی کانتا نے باتھ روم میں اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی ہے۔ کانتا کا بھائی خود کشی کو اس بنیاد پر مسترد کر رہا ہے کہ جس جگہ پر خودکشی کا بتایا جا رہا ہے وہاں ایسی کوئی چیز ہی نہیں کہ کوئی گلے میں پھندا ڈال کر لٹک سکے۔ قتل کو چھپانے کے لئے اس قسم کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ گیارہ سالہ محبت کے بعد شادی کے سولہویں ماہ میں کانتا کی پراسرار ہلاکت نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ جن سے متعلق پولیس تفتیش کررہی ہے۔ لیکن سب سے اہم بات کانتا کی اس معصوم بچی کی ہے جس کی عمر صرف چھہ ماہ ہے جس کا مستقبل والدین کی محبت کے بھینٹ چڑھ گیا۔

 

 

Hindu girl killed in KarachiHindu girld killed after 11 years of love