خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 23 دہشت گرد ہلاک، 5 جوان شہید

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختون خوا میں مختلف کارروائیوں میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں 5 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی فورسز نے 3 الگ کارروائیاں کیں اور مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتا لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ 5 جوانوں نے بھی مادر وطن کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 26 مئی کو خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا گیا، جس میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے ٹھکانے تباہ کیے گئے، کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ 27 مئی کو ڈسٹرکٹ ٹانک میں آپریشن کیا گیا، جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔
ضلع خیبر میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 5 بہادر جوان شہید ہوئے، جن کی شناخت نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار، سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر صغیر اور محمد یاسین شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

 

23 Terrorist Killed5 Army Man MartyredISPRKPKOperationsPakistansecurity forces