پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے وفاق ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے۔
سہیل آفریدی کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا پاکستان کے حالات دن بہ دن خراب ہوتے جارہے ہیں، معاشی اور امن و امان کی صورت حال سمیت ہر سمت حالات خراب ہیں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی حالات کو سنبھالنا ہے، ہمارے نوجوانوں کو خواب بڑے کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سب پر ایک جیسا قانون لاگو کرنا ہے، جو خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے اس کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا پنجاب میں سول مارشل لا ہے، وہاں پی ٹی آئی جھنڈا نہیں لہراسکتی، ہم کارنر میٹنگ نہیں کرسکتے، پنجاب کے ایم پی اے اور ایم این اے نے بتایا کہ ان کی گاڑیوں کے نمبرز ٹیمپر ہورہے ہیں، ان کے گارڈز کی بندوقیں لے کر ان کے نمبرز ٹیمپر کیے جاتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے بزرگ رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ان ظالم لوگوں کو آپ نوجوانوں نے ری پلیس کرنا ہے، نوجوان مجھ پر تنقید کریں، آپ کو یہاں کوئی نہیں اٹھائے گا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کے ذمے کے پی کے 4 ہزار 400 ارب سے زیادہ روپے واجب الادا ہیں، قبائلی اضلاع کو ضم کیا گیا لیکن معاشی حق نہیں دے رہے، آپ کے خون پسینے کا پیسہ، ٹیکس کا پیسا کیوں چوری ہو۔
ان کا کہنا تھا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیت ٹھیک کرنا چاہیے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب کو ایک ہونا ہوگا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے، اگر وفاق حق دیتا تو ہم صوبے کے لیے کیا کچھ نہیں کرسکتے تھے، محدود وسائل میں بھی صوبے کے لیے کام کررہے ہیں، نوجوانوں کو بلاسود قرضے 3 ارب سے بڑھا کر 5 ارب روپے کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔