اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال گذشتہ 7 دہائیوں سے کررہا ہے، تاہم طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، جس کے باعث بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا جارہا ہے اور شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جارہا ہے، کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں، یہ اس کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یک طرفہ فیصلوں کو قبول نہیں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہرفورم پر اٹھاتے رہیں گے، وزیراعظم عمران خان 25 تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے، اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹیں، وہیں فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارک باد دیتا ہوں، پاکستان کو وقتی طور پر بہت بڑا ریلیف ملا ہے، کورونا کی وجہ سے جب معیشت دباؤ میں ہے اور ان حالات میں یہ بڑا ریلیف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دوست ہے جس نے مشکل وقت میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے جب کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایک جذباتی لگاؤ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ کورونا کی صورت حال میں بہتری آئی ہے، ہم نے تعلیمی ادارے کھول دیے، وہاں بھی ہمیں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا، طبی ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے، تاہم ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہوگا، تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں۔