کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے آج یوم استحصالِ کشمیرمنایاجارہا ہے۔
یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر صبح 9 بجے ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی گئی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک منٹ کے لیے ٹریفک روکا گیا۔
کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت اور بھارتی اقدام کے خلاف وزیر خارجہ شاہ محمود کی قیادت میں دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی جو ڈی چوک پہنچی جہاں صدر عارف علوی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ریلی میں شرکت کی۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی ہڑتال
مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت پر بھارت کے ڈاکے کو دو سال گزرگئے، دو سال پہلے آج ہی کے دن مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کی تھی اور ریاست کا درجہ چھین لیا تھا، علیحدہ پرچم بھی اتار لیا تھا۔
مودی حکومت نے مقبوضہ جموں کشمیرکو بھارتی یونین کا علاقہ قرار دیا تھا جس کے خلاف کنٹرول لائن کے دونوں جانب یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے۔
اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ سری نگر کے لال چوک تک مارچ کیا جائے گا اور سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔