مظفرآباد: 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کو 16 برس ہونے پر شہدائے زلزلہ کی یاد میں آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جب کہ کئی شہروں میں قرآن خوانی بھی کی گئی۔
8 اکتوبر 2005 کو صبح سویرے آنے والے زلزلے سے آزاد کشمیر کے کئی شہر لرز گئے، بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، ہزاروں افراد جاں بحق ہوگئے۔ 16 برس مکمل ہونے پر آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
مظفرآباد میں شہدائے زلزلہ کی یاد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر، وزراء سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہدائے زلزلہ کی یادگار پر پھول چڑھائے جب کہ 8 بج کر 52 منٹ پر سائرن بجائے گئے۔
16 برس گزرنے کے بعد بھی بالاکوٹ کی سرزمین سوگوار ہے۔ ہائی اسکول بالاکوٹ میں شہدا کی یاد میں قرآن خوانی کی گئی جب کہ 8 بج کر 52 منٹ پر ایک منٹ کے لیے مکمل خاموشی اختیار کی گئی۔