کرتارپور راہداری کے افتتاح کو ایک سال پورا ہوگیا

کرتارپور راہداری کا ایک سال مکمل ہونے پر کرتارپور میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
گزشتہ سال 9 نومبر کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک کے یوم پیدائش کے موقع پر کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا گیا تھا۔
تحصیل شکر گڑھ میں واقع گوردوارہ صاحب کے قریب کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ، بھارتی کرکٹر و سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو، بھارت کی نمائندگی وزیر خوراک ہرسمرت کور اور وزیر تعمیرات ہردیپ سنگھ سمیت مختلف ممالک کے سفارت کاروں، عالمی مبصرین اور سکھ برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔
بڑے پیمانے پر’’ امن کی علامتی پہچان‘‘ بننے والی یہ تقریب سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے 550ویں یومِ پیدائش پر منعقد کی گئی۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان کرتارپور راہداری پر کیے گئے معاہدے کے تحت روزانہ 5000 یاتری اس راہداری کا استعمال کرسکتے ہیں۔
کرتارپور راہداری کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر سے سکھ یاتریوں کے کرتارپور آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کرتار پور آنے والوں کے لیے پنڈال کی تیاری کا کام جاری ہے جب کہ اس موقع پر منعقد کیے جانے والے سیمینار سے مختلف رہنما خطاب بھی کریں گے۔

kartarpur