کراچی: مون سون کے چوتھے اسپیل کے دوران شہر قائد میں موسلادھار بارشوں نے جل تھل ایک کردیا۔ کرنٹ لگنے سے 4 اور ڈوبنے سے 2 افراد جاں بحق۔
نجی ٹی وی کے مطابق جمعے کی دوپہر کاٹھور سے بڑھنے والا بادلوں کا سلسلہ پورے شہر پر پھیل گیا جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں درمیانی، تیز اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔ گلشن حدید میں 2 گھنٹوں کے دوران لگا تار تیز بارش کی وجہ سے 77.7 ملی میٹر (3 انچ سے زائد) بارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کو بھی گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ادھر مسلسل بارشوں کی وجہ کئی علاقے اور اہم شاہراہیں زیر آب آگئیں، اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم رہا، بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی کے بعد شہر کی بیشتر شاہراہیں زیر آب آنے سے شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کا عذاب برداشت کرنا پڑا۔
گلشن اقبال، شارع فیصل، گلشن حدید، لانڈھی، نارتھ ناظم آباد، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، ملیرہالٹ، ناگن شفیق موڑ، کراچی ایئرپورٹ، کارساز، پی آئی بی کالونی، نیو ایم جناح روڈ، گرومندر، ماڈل کالونی، حسن اسکوائر اور اولڈ سٹی ایریاز سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں درمیانی، کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جمعے کو مون سون بارشوں کا سبب بننے والے سسٹم کے تحت سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 77.7 ملی میٹر (3انچ سے زائد) ریکارڈ ہوئی جب کہ اولڈ ایئرپورٹ میں 44 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس، 33 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 31، یونیورسٹی روڈ پر 18.4 ملی میٹر، قائد آباد میں 11 ملی میٹر، کیماڑی میں 3 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس میں 2 ملی میٹر بارش جب کہ سب سے کم بارش نارتھ کراچی میں 0.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق موجودہ مون سون سلسلہ ہفتے تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سبب بن سکتا ہے، اس دوران بالخصوص دوپہر سے شام تک بارش کا زیادہ امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ سے موصول ڈیٹا کے مطابق شہر کی فضاؤں پر موجود حالیہ مون سون سلسلہ آج شام کے بعد 18 سے 24 گھنٹوں تک رکنے کا امکان ہے، اس دوران شہر میں بوندا باندی، پھوار ہوسکتی ہے تاہم گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان نہیں ہوگا، البتہ عید کے پہلے روز شام تا رات یہ سسٹم دوبارہ فعال ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔