کراچی ٹیسٹ: قومی ٹیم کی پوزیشن مضبوط!

کراچی: کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقا کے 220 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم 378 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں میزبان ٹیم کو 158 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ قومی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ جنوبی افریقا کو میچ بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر 308 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حسن علی 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین نعمان علی تھے جو 24 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ یاسر شاہ 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشیو مہاراج نے 3،3 جب کہ لنکی نگیڈی اور اینرچ نورجے نے 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقا کی دوسری اننگز جاری ہے، اُس نے 33 اوورز کے کھیل میں ایک وکٹ کے نقصان پر 68 رنز بنالیے ہیں۔ ایلگر کو یاسر شاہ نے آؤٹ کیا، ابھی بھی اُسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 90 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے کھیل کے پہلے روز ہی 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادی تھیں تاہم مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم جنوبی افریقا پر پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ اظہر علی اور فہیم اشرف نے بھی ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اظہر علی 51 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے اور محمد رضوان 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ فہیم اشرف 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز 14 وکٹیں گری تھیں، جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

fawad alamkarachi testPakistan vs south africa