کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 70 ویں اوور کی دوسری گیند پر 220 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی جب کہ جوابی اننگز میں پاکستان کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ ہوا اور اُس نے 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین ایلگر 58 رنز بناکر نمایاں رہے، ان کے علاوہ جارج لنڈے کی اننگز 35 رنز کے ساتھ تھوڑی بہت مزاحمت سے عبارت تھی۔ اس کے علاوہ کوئی بھی جنوبی افریقن بیٹسمین پاکستانی شاہینوں کے تابڑ توڑ حملوں کا سامنا نہ کرسکا۔
یوں جنوبی افریقا کی ٹیم 70 ویں اوورز میں 220 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی کو دو دو وکٹیں ملیں، حسن علی بھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
جواب میں پاکستان نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 18 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنائے۔ فواد عالم اور اظہر علی 5، 5 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ عابد علی، عمران بٹ، بابراعظم بالترتیب 4، 9 اور 7 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ نائٹ واچ مین شاہین آفریدی کوئی رنز بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو جنوبی افریقا کے 220 رنز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 187 رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔