کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں

کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں سات ماہ کی طویل بندش کے بعد تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ بھر میں تدریسی عمل کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا، کورونا وبا کے پیش نظر طویل بندش کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھول دیے گئے، پری پرائمری سے مڈل کلاسز کے طلبہ بھی والدین کے ہمراہ فیس ماسک پہن کر اسکول پہنچے، طویل چھٹیوں کے بعد اسکول آنے پر چند بچے انتہائی خوش تو چند افسردہ دکھائی دیے، کلاسوں میں بچوں کی حاضری 30 سے 40 فیصد رہی ہے۔
اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسکولوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے بھرپور انتظامات کیے گئے، اسکول میں داخل ہونے سے قبل طالب علموں، اساتذہ اور دیگر عملے کا تھرمل گن سے درجہ حرارت چیک کیا گیا، ہاتھوں کو سینیٹائز کیا گیا جب کہ فیس ماسک پہننے کے بعد اسکول میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی، کلاسوں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سمیت صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا گیا، کرسی، میز اور فرش کو جراثیم کُش اسپرے کرکے ڈس انفیکٹ کیا گیا۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ طالب علموں سے اسکول میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے سمیت انہیں ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے جب کہ والدین کو بھی خاص طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو ماسک پہننے اور سینیٹائزر کے استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے رہیں، جن طالب علموں اور عملے کو بخار ہے ان کو واپس گھر بھیجا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ سندھ بھر میں 15 ستمبر کو نویں دسویں جماعت، کالجز اور جامعات کھول دی گئی تھیں، صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر 21 ستمبر کو چھٹی سے آٹھویں جماعتوں میں دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کو ایک ہفتے کے لیے مؤخر کیا تھا، جسے 28 ستمبر سے دوبارہ بحال کردیا گیا ہے، محکمۂ تعلیم سندھ سعید غنی کے احکامات کے مطابق تمام تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، بیمار طلبا یا اساتذہ اسکول نہیں آئیں گے جب کہ احتیاطی تدابیر پرعمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

karachiSchools openSindh