کراچی: آج پھر محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفرازنے کہا کہ کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور دوپہر کے اوقات میں زیادہ چانسز ہیں، مون سون کا لو پریشر بلوچستان کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کے اثرات سندھ بھر پر پھیلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ رات تیز بارش ہوئی ہے جب کہ کراچی میں آج دن میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
سردار سرفراز نے کہا کہ مستقبل قریب میں کوئی اچھا اسپیل نہیں ہے، 30 اور 31 جولائی کو ہلکی اور معتدل بارش ہوسکتی ہے لیکن یہ کوئی خوف زدہ کرنے والی صورت حال نہیں ہے، گزشتہ دنوں بہت ہیوی اسپیل کی بارش ہوئی جو اب گزر چکی ہے تاہم مون سون کے گزشتہ اسپیل کے سندھ اور کراچی میں ابھی اثرات موجود ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ اگست کے شروع میں بارشوں میں کچھ وقفہ آسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ وسطی اور مغربی سندھ پر برقرار ہے جو بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے زیراثر کراچی سمیت سندھ کے دیگرعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔