کراچی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہر قائد کے لیے پیپلزبس سروس منصوبے کا افتتاح کردیا۔ بس سروس شروع۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت کے منصوبے کے تحت کراچی میں 7 مختلف روٹس پر کُل 240 بسیں چلائی جائیں گی۔ اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں آج ملیر ماڈل کالونی سے ٹاور کے لیے بس چلا کر منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے بس سروس منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ ترقی کا یہ سفر اب رکنے والا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سروس کے پہلے روٹ یعنی ملیر ماڈل کالونی سے براستہ، شارع فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور تک کل سفر 29 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا اور اس پر صبح 7 تا رات 12 بجے تک 30 بسیں چلائی جائیں گی۔ پیپلز بس سروس کا کرایہ زیادہ سے زیادہ 50 روپے تک ہوگا۔ صوبائی حکومت شہر اور شہریوں کی ترقی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے ہفتے نارتھ کراچی سے کورنگی تک کے لیے بس سروس شروع کردی جائے گی اور 14 اگست سے قبل شہر کے تمام ساتوں روٹس پر کُل 240 بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے مزید 130 بسیں کراچی بندرگاہ پر پہنچ جائیں گی۔