کراچی: محکمہ موسمیات نے آج (ہفتہ) سے اگلے تین روز تک کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، تھر پارکر اور سندھ کے دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جاری کردی ایڈوائزری کے مطابق ہفتہ کی صبح سے سندھ میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہوگا جس کے سبب کراچی میں ہفتے سے پیر کے درمیان تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جبکہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، تھر پارکر سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے سبب کراچی، حیدر آباد، بدین، میرپور خاص اور ٹھٹھہ میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، تیز بارشوں کی وجہ سے زیریں سندھ کے علاقے دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتہ کو شہر کا مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔