کراچی: پاکستان بھر میں کورونا وبا کی دوسری لہر اور مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے باعث کمشنر کراچی نے شہر قائد کے تمام اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چار اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جب کہ دو اضلاع میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ متعلقہ ہیلتھ افسران سے مشاورت کرلیں اور آج یا کل تک نوٹیفکیشن جاری کردیں۔
جنوبی، شرقی، وسطی، غربی کے ڈپٹی کمشنرز اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کل تک جاری کردیں گے جب کہ کورنگی اور ملیر اضلاع میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ ہوگا۔
دھیان رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 2 ہزار 738 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 36 اموات ہوئیں۔ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 752 ہوگئی ہے۔