کراچی میں لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں کا احتجاج اور دھرنا

کراچی: پی ای سی ایچ سوسائٹی میں بجلی کی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے ستائے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، انہوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور دھرنا دے دیا۔
کراچی میں شاہراہ قائدین پر کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل افراد کو اندر جانے سے روک دیا۔
مظاہرین نے شاہراہ قائدین پر دھرنا دے دیا جس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہوگیا۔ علاقہ مکینوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ لوڈشیڈنگ نامنظور کے نعرے لگارہے تھے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر اشتعال میں دکھائی دیتے ہیں اور مختلف علاقوں میں محکمہ بجلی کے خلاف مظاہرے اور احتجاج بھی ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔