بدترین لوڈشیڈنگ، کراچی کے شہریوں کی اذیت کم نہ ہوسکی!

کراچی: بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود کے الیکٹرک نے شہر قائد میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ شہری بدترین اذیت کا شکار ہیں۔ دن کو سکون ہے نہ رات میں آرام۔ اس پر شہریوں میں خاصا اشتعال پایا جاتا ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کے باوجود بھی کراچی میں بجلی کی فراہمی میں بہتری نہ آسکی، دن اور رات کے اوقات میں کیبل اور پی ایم ٹی فالٹس کے نام پر بجلی کی گھنٹوں بندش کا سلسلہ جاری ہے۔
لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں اور انہیں کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ لیاری، عثمان آباد، گلبہار، شومارکیٹ گارڈن، آگرہ تاج، شیرشاہ، سائٹ، بلدیہ، گلشن حدید، گڈاپ، ملیر، میمن گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن، قائدآباد، لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں میں 3 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جب کہ کیماڑی، سرجانی، اورنگی ٹاؤن، بنارس اور قصبہ کالونی میں بھی بجلی گھنٹوں غائب رہنے لگی ہے۔
کے الیکٹرک حکام کبھی ایندھن تو کبھی کوئی دوسرا جواز بناکر بجلی بند کردیتے ہیں، ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کسی کو خاطر میں نہیں لاتی اور صرف سستی بجلی پر انحصار کرتی ہے، کے الیکٹرک مصنوعی بحران پیدا کرکے حکومت سے اپنے مطالبات بھی پورے کرواتی ہے۔

karachiKELoadshedding