کراچی کنگز نے پہلی بار پی ایس ایل ایونٹ اپنے نام کرلیا!

کراچی: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے بڑے معرکے میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بنائے، جس کے جواب میں کراچی کنگز نے بابراعظم کی شاندار نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔
کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، تاہم شرجیل تیسرے اوور میں 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ بابراعظم نے الیکس ہیلز کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 49 کے مجموعی اسکور پر الیکس بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
جس کے بعد چیڈوک والٹن اور بابراعظم کے درمیان 50 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران بابراعظم نے انتہائی ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ روکے رکھی بلکہ اسکور بورڈ کو بھی آگے بڑھایا۔
بابراعظم نے 39 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جس میں 6 چوکے شامل تھے جب کہ والٹن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ افتخار احمد صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بابراعظم نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، دلبر حسین نے 2،2 اور سمت پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو فخرزمان اور تمیم اقبال بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 37 رنز بنائے اور دونوں اوپنرز نے انتہائی سست بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 68 رنز بنائے۔
اننگز کے 11 ویں اوور میں عمید آصف نے دونوں اوپننگ بلے بازوں کی اننگز کا خاتمہ کیا، تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ ہوا وہ 38 گیندوں پر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور فخرزمان نے 24 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کے سب سے اہم بلے باز محمد حفیظ بڑے معرکے میں ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
بین ڈنک اور سمت پٹیل نے لاہور قلندرز کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن سمت پٹیل صرف 5 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور بین ڈنک بھی ان کے پیچھے پیچھے پویلین جاپہنچے، وہ بھی صرف 11 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ارشد اقبال نے پویلین بھیجا۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ محمد فیضان نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی، وہ بھی وقاص مقصود کا شکار بنے۔ شاہین آفریدی 12 اور ڈیوڈ ویزے 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال، عمید آصف، وقاص مقصود نے 2،2 اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کے بابراعظم کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ دیا گیا اور پورے ٹورنامنٹ میں زیادہ اسکور کرنے پر انہیں نہ صرف بہترین بلے باز بلکہ مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی دیا گیا جب کہ شاہین آفریدی کو بہترین بولر اور بین ڈنک کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔

Karachi kings winPSL 5