کراچی: شہر قائد کی 266 عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ سے متعلق خوف ناک انکشافات ہوئے ہیں۔
میئر کراچی کو پیش کردہ رپورٹ کے مطابق شہر قائد کی تین اہم شاہراہوں پر 266 عمارتوں کا فائر آڈٹ کیا گیا۔ ان شاہراہوں میں آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ قائدین اور شاہراہ فیصل شامل ہیں۔ 266 عمارتوں میں صرف 6 عمارتوں میں فائر فائٹرز موجود ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 200 سے زائد عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات ہیں نہ کوئی دوسرا سامان موجود ہے۔ 62 فیصد عمارتوں میں کوئی ایمرجنسی ایگزٹ ہی موجود نہیں۔ 70 فیصد عمارتوں میں بجلی کے تاروں کا نظام انتہائی غیر معیاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق 90 فیصد عمارتوں میں فائر الارم اور اسموک ڈیٹیکٹر موجود نہیں۔ ان عمارتوں میں رہائشی اور تجارتی عمارتیں شامل ہیں جہاں ہزاروں شہری یا تو کام کرتے یا رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹ میں میئر کراچی سے درخواست کی گئی، آگ لگنے کے مقام پر غیر ضروری ریسکیو اداروں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے، کیونکہ ان کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات ہوتی ہیں۔
رپورٹ میں آگ لگنے والے مقام پر ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز کو فائربریگیڈ کی مدد کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں آتشزدگی کے پے درپے واقعات کے بعد شہر کی بلند عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔