کراچی میں آئندہ تین روز میں تیز بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ کا اندیشہ

کراچی: شہر قائد میں پھر محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق اندرون سندھ میں کل صبح سے بارشیں ہوسکتی ہیں جب کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اگلے تین سے چار دن میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ 30 جون سے ملک بھر میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں اور 5 سے 11 جولائی تک شہر قائد میں 342 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ شہر میں آئندہ تین سے چار روز کے دوران کم از کم 60 سے 70 ملی میٹر بارشیں ہوسکتی ہیں جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 جولائی سے مون سون کا مضبوط سسٹم سندھ میں داخل ہوسکتا ہے اور مون سون سسٹم 18 جولائی تک اثرانداز رہے گا۔
ٹھٹھہ، بدین، عمرکوٹ اور میرپورخاص سمیت دیگر اضلاع میں 18 جولائی تک بارشیں متوقع ہیں، تیز بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز کی شب سے اگلے روز دوپہر تک ہونے والی بارش سے شہر قائد ڈوب گیا تھا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے اور کراچی کی لگ بھگ تمام شاہراہیں دریا کا منظر پیش کررہی تھیں۔

chief metrologistheavy rain predictionkarachiSardar Sarfaraz