کراچی میں موسلا دھار بارش، شہر ڈوب گیا، 3 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں اتوار کی رات سے وقفے وقفے سے تیز بارش ہوئی جس کے باعث شہر کے کئی علاقے ڈوب گئے جب کہ کرنٹ لگنے کے واقعات میں تین افراد جان سے گئے، شہر کا بیشتر حصہ کئی گھنٹوں سے بجلی سے بھی محروم ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈیفنس، کلفٹن، ملیر، ایئرپورٹ، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گلستان جوہر، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد،کورنگی اور پی ای سی ایچ سوسائٹی میں بھی برساتی پانی جمع ہوگیا۔
نیپا پل، قیوم آباد چورنگی، آرٹس کونسل چورنگی، سپریم کورٹ رجسٹری، زینب مارکیٹ اورایم اےجناح روڈ سمیت شہر کی کئی سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جب کہ کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہو گئیں۔

اتوار پیر کی رات بھر کی بارش کے بعد توحید کمرشل، اتحاد کمرشل، خیابان شمشیر، مسلم کمرشل، سی ویو، بدر کمرشل اور صبا ایونیو سمیت ڈیفنس کے علاقے پانی میں ڈوب گئے جب کہ خیابان بحریہ، 26 اسٹریٹ، خیابان مجاہد اور خیابان تنظیم بھی پانی پانی ہو گیا۔
امراض قلب کے سب سے بڑے اسپتال این آئی سی وی ڈی کے گیٹ کے سامنے بارش کا پانی جمع ہونے سے ایمبولینسز کوگزرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 126.6ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
پی اے ایف فیصل بیس 88 ، مسروربیسں 53 اور نارتھ کراچی میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ اولڈ ائیرپورٹ 35.6 اور یونیورسٹی روڈ پر 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

EidHeavy rainkarachiSink