کراچی میں دوپہر کے وقت سے شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم بہتر ہوگیا، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
کراچی میں تیز دھوپ اور گرمی کے بعد جمعہ کو ساڑھے 3 بجے کے بعد آسمان پر سیاہ بادل چھاگئے اور چند منٹوں میں جل تھل ہوگیا۔ شہر میں ڈیفس، صدر، کلفٹن کے علاقے میں تیز بارش سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر سمیت گارڈن میں بھی بادل کھل کر برسے۔
خیال رہے کہ جمعہ کو ڈی جی محکمہ موسميات نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ لو پريشر ايريا ميں کوئی رد و بدل نہيں ہوا، اور شہر کے مختلف علاقوں ميں کہيں تيز اور کہيں ہلکی بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا تھا کہ بارش کا یہ سسٹم کراچی سے نکل کر پھر اومان کی جانب جائے گا، اس کے بعد 19 جولائی سے کراچی میں ہلکے بادل آتے رہیں گے اور بوندا باندی ہوتی رہے گی۔
خیال رہے کہ جمعرات جمعہ کی شب کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے بعد موسلادھار بارش ہوئی تھی، جس سے گرمی کے زور میں قدرے کمی واقع ہوئی۔