کراچی: شہری احتیاط کریں، شہر قائد میں محکمۂ موسمیات نے مزید 4 روز گرمی کی پیش گوئی کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید 4 روز شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے اور اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے گرمی کی موجودہ لہر کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئندہ تین سے چار روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آئندہ چار روز تک دن کے اوقات میں بلوچستان کی شمال مشرقی اورشمال مغربی گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم شام میں سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 70 کے درمیان رہ سکتا ہے جب کہ شام میں ہوا میں نمی کا تناسب 30 سے 40 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔