محکمہ صحت کے مطابق اگست کے پہلے ہفتے میں کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 21.41 فیصد پر برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق یکم سے 7 اگست تک کراچی میں 11 ہزار 946 افراد کورونا کا شکار ہوئے اور شہر میں اگست کے پہلے ہفتے میں 150 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔محکمہ صحت کے حکام کا بتانا ہےکہ اگست کے پہلے ہفتے میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع شرقی میں ہوئیں جن کی تعداد 41 ہے جب کہ ضلع کورنگی 37، ضلع وسطی 23، ضلع جنوبی 25 اور ضلع غربی میں 24 افراد انتقال کرگئے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے تجاوز کر گئی۔اسلام آباد میں گزشتہ سات دن میں 2 ہزار 800 کے قریب کورونا کیسز سامنے آئے جس کے بعد اسلام آباد میں کورونا سے متاثرہ اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 90 ہزار سے زائد ہو گئی۔اسلام آباد میں گزشتہ روز بھی 524 کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس سے اب تک 85 ہزار سے زائد افراد بھی صحتیاب ہوچکے ہیں۔