کراچی، کھارادر میں دھماکا، خاتون جاں بحق، 12 افراد زخمی

کراچی: شہر قائد کے قدیم علاقے کھارادر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور قریباً 12 افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا کھارادر پولیس اسٹیشن کی حدود میں میمن مسجد کے قریب اقبال کلاتھ مارکیٹ میں ہوا۔ دھماکے کے بعد کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی، جس پر قابو پالیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں کھارادر تھانے کی پولیس موبائل تباہ ہوگئی، پولیس موبائل جیسے ہی موٹر سائیکل کے قریب آئی دھماکا ہوگیا۔
ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار کے مطابق جاں بحق خاتون رکشے میں سوار تھیں، پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، موبائل کے آگے رکشا آنے پر موبائل ہلکی ہوئی تو دھماکا ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں اےایس آئی سمیت 3اہلکار زخمی ہوئے، موبائل کا ڈرائیور محفوظ رہا۔
دھماکے کے نتیجے میں موقع پرموجود متعدد موٹر سائیکلز کو نقصان پہنچا جبکہ ایک پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ڈی آئی جی شرجیل کھرل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولیس موبائل کے ڈرائیور سے بات ہوئی ہے، اس کا کہنا ہے موبائل پہنچی تو دھماکا ہوا، دھماکے کی انویسٹی گیشن ہوگی، پولیس اپنے وسائل کے مطابق کام کررہی ہے، اتنے بڑے شہر اور آبادی میں کوئی موٹرسائیکل یا سائیکل پارک کرجائے تو یہ ممکن ہے اور ہمارے لیے چیلنج ہے۔
دھماکے سے کچھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، سول اسپتال میں خاتون سمیت 12 زخمی پہنچائے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے دھماکے کے مقام پر پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی کے واقعات پورے ملک کے مختلف مقامات پر ہورہے ہیں، یہ صرف سندھ حکومت کوہی نہیں، تمام حکومتوں کو چیلنج ہیں، اتنے بڑے شہر میں ہر گلی ہر شخص پر نظر رکھنا ممکن نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی دھماکےکی مذمت کی اور جاں بحق خاتون و زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
وزیراعظم نے کراچی دھماکےمیں ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی اور وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Karachi Bomb Blastkharadarone woman killedPolice mobile