انتہاپسندوں نے ممبئی کی مشہور ’کراچی بیکری‘ بند کرادی

ممبئی: بھارت میں سب سے قدیم اور مشہور ترین بیکریوں میں سے ایک ممبئی کی ‘کراچی بیکری‘ بالآخر ہندو انتہا پسندوں کے شدید دباؤ کے باعث بند ہوگئی۔
یہ بیکری اپنے نام کی وجہ سے ہندو قوم پرست جماعتوں کے نشانے پر تھی۔
ہندو قوم پرست مقامی جماعت مہاراشٹر نو نرمان سینا ‘کراچی بیکری‘ کو بند کرانا اپنا ‘کارنامہ‘ قرار دے رہی ہے۔ حالانکہ بعض لوگ اس کے بند ہونے کا سبب مالی مشکلات قرار دے رہے ہیں۔ ممبئی کے متعدد ٹوئٹر صارفین نے کراچی بیکری کے بند ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ممبئی شہر کا نقصان ہے۔
راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) نے کراچی نام پر اعتراض کیا تھا اور اس کے کارکنوں نے چند ماہ قبل اس بیکری پر حملہ کر دیا تھا، جس کے بعد سے کافی تنازع بھی پیدا ہوگیا تھا۔
ایم این ایس کے ایک رہنما حاجی سیف شیخ نے ایک ٹوئٹ کرکے دعوی کیا کہ کراچی بیکری کا بند ہونا ان کی پارٹی کا کارنامہ ہے۔ شیخ نے ٹوئٹ میں کہا، ”ایم این ایس کے ذریعہ کراچی نام کی وجہ سے کراچی بیکری کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد اس بیکری نے بالآخر ممبئی میں اپنی دکان بند کر دی۔”
سیف شیخ نے بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ”میں نے کراچی بیکری کو کاروبار بند کرنے کے لیے نہیں کہا لیکن سرحد پر ہمارے جوان مارے جارہے ہیں۔ ہر روز پاکستان کے ساتھ جھڑپوں کی خبریں آتی تھیں۔ اس لیے میں نے نام تبدیل کرنے کے لیے پندرہ دنوں کا الٹی میٹم دیا تھا۔ میں نے ان سے کہا تھا کہ اسے Karachee کردیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نام اپنے آبائی شہر سے ان کے قدیم تعلق کا مظہر ہے، لیکن آج میں خوش ہوں۔”
سیف شیخ نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ کراچی کے نام سے بھارتیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
مہاراشٹر میں حکمراں شیوسینا کے کچھ رہنماؤں نے بھی کراچی بیکری کے مالکان کو دھمکی دی تھی کہ یا تو وہ دکان بند کردیں یا پھر کم از کم اس کا نام ایسا تبدیل کردیں جو مراٹھی سے ملتا جلتا ہو۔ اس دھمکی کے بعد بیکری مالکان نے کچھ دنوں کے لیے نام کو کاغذ سے ڈھانپ دیا تھا۔
ایم این ایس کی دھمکی کے بعد بیکری مالکان نے کچھ دنوں کے لیے نام کو کاغذ سے ڈھانپ دیا تھا۔
بھارت میں کراچی بیکری کی بنیاد سن 1953 میں رکھی گئی تھی۔ اس تاریخی کنفیکشنری کے مالکانہ حقوق ایک سندھی ہندو رمنانی خاندان کے پاس ہیں، جو تقسیم ہند کے بعد کراچی سے بھارت چلا آیا تھا۔
رمنانی خاندان نے جنوبی بھارت کے شہر حیدرآباد میں کراچی بیکری کے نام سے سن 1953 میں پہلی دکان کھولی تھی۔ حیدرآباد میں کراچی بیکری کی دکانیں آج بھی انتہائی مقبول ہیں۔ جنوبی اور مغربی بھارت میں ‘کراچی بیکری’ اور ‘کراچی سویٹس’ ایک معروف برانڈ ہے، جس کی مختلف بڑے شہروں میں شاخیں ہیں۔

CloseIndiaKarachi BakeryMumbai