کراچی: صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سرکاری محکمہ ثقافت سے پہلے ہی عوامی تھیٹر فیسٹیول کا زبردست انعقاد کرکے فنکار برادری اور عوام کے لیے تفریح کا بندوبست کردیا جو نہایت خوش آئند اقدام ہے، کراچی آرٹس کونسل کا فنون لطیفہ کے پھیلاؤ میں کلیدی کردار رہا ہے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ شہریوں کے چہروں پر الگ خوشی نظر آرہی ہے۔ فنکاروں کو دی جانے والے عوامی پذیرائی انتہاپسندی کے حوصلے پست کردے گی۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ کرونا کی وبا کے پیشِ نظر ثقافتی سرگرمیاں معطل رہیں، لیکن سندھ ثقافتی سرگرمیوں کے آغاز میں دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا، جس کا ثبوت عوامی تھیٹر فیسٹیول کا رنگارنگ آغاز ہے، عوامی تھیٹر فیسٹیول کا اعلان اس لیے کیا کہ ان فنکاروں کا اوڑھنا بچھونا ان کا گھر آرٹس کونسل ہی ہے، اُن کا مزید کہنا تھا کہ عوامی تھیٹر فیسٹیول میں اٹھارہ ڈرامے شامل ہیں جس میں ہمارے منجھے ہوئے فنکاروں کے بچے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹر کو سندھ کے دیگر شہروں میں بھی لے کر جائیں گے۔
عوامی تھیٹر فیسٹیول کا افتتاح قومی ترانہ بجا کر کیا گیا۔ اس موقع پر ہدایت کار پرویز صدیقی کا ڈرامہ خالہ خیالوں میں پیش کیا گیا۔ عوامی تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد تمام ایس او پیز کے تحت کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد اہل خانہ کے ہمراہ شریک ہوئی۔ عوامی تھیٹر فیسٹیول 4اکتوبر تک کراچی آرٹس کونسل اوپن ایئر آڈیٹوریم میں جاری رہے گا۔