کراچی: تیز رفتار گاڑی نے کئی لوگوں کو روند دیا، باپ اور بیٹی جاں بحق

کراچی: کارساز کے قریب سروس روڈ پر خاتون ڈرائیور سے لینڈ کروزر بے قابو ہوگئی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹی جاں بحق جب کہ ایک شہری زخمی ہوگیا، حادثے میں ایک کار بھی تباہ ہوگئی۔
تیز رفتاری کے بعد لینڈ کروزر بھی خاتون ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی، واقعہ کے بعد عوام کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی اور خاتون ڈرائیور کو اپنے گھیرے میں لے لیا، بعدازاں پولیس اور رینجرز کی بھی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کی ذمے دار خاتون ڈرائیور کو حراست میں لے کر بذریعہ پولیس موبائل بہادر آباد تھانے منتقل کردیا جب کہ الٹنے والی لینڈ کروزر رجسٹریشن نمبر بی وائی 0033 کو کرین کی مدد سے سیدھا کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بہادرآباد نعیم راجپوت نے بتایا کہ زیر حراست خاتون ڈرائیور کی شناخت نتاشا کے نام سے ہوئی ہے جب کہ حادثے میں 2 موٹر سائیکلیں اور کار بھی تباہ ہوئی ہے جبکہ خاتون ڈرائیور سے لینڈ کروزر بے قابو ہونے کے واقعہ میں موٹر سائیکل پر سوار باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے، متوفین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئیں جہاں ان کی شناخت 62 سالہ عمران عارف اور اس کی بیٹی 23 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی جو گلزار ہجری اسکیم 33 یاسر ویو اپارٹمنٹ کے رہائشی بتائے جائے ہیں، تاہم فوری یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دونوں باپ اور بیٹی یہاں کس کام سے آئے تھے جس کی معلومات حاصل کی جارہی ہے۔
حادثے میں 55 سالہ عبدالسلام زخمی ہوا ہے، جسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد جاں بحق باپ اور بیٹی کی لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔
پولیس کے مطابق خاتون ڈرائیور کے پاس سے غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس ملا ہے جب کہ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ خاتون حواس باختہ ہے، جس کا میڈیکل کرایا جارہا ہے اور اس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید صورتحال واضح ہوجائے گی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر متوفین کے گھر میں کہرام مچ گیا اور خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں جب کہ اہل محلہ کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوگئی اور واقعہ پر افسوس اور دکھ کا بھی اظہار کیا۔

2 People KilledaccidentkarachiKarsaaz Road