لاہور: پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی کامیڈین کپل شرما نے خود بتایا تھا کہ انہوں نے کامیڈی نسیم وکی سے سیکھی ہے۔
اپنے حالیہ ایک انٹرویو کے دوران علی ظفر نے بتایا کہ جب وہ بھارت میں کپل شرما شو میں گئے تو اس دوران اسٹیج کے پیچھے کپل شرما نے مجھے بتایا کہ میں نے کامیڈی نسیم وکی سے سیکھی ہے۔
اس سے قبل نسیم وکی بھی ایک پوڈ کاسٹ کے دوران کپل شرما کی تعریف کرچکے ہیں۔
بھارتی کامیڈی شو دی کپل شرما شو سمیت کئی کامیڈی شوز میں اداکاری کرنے والے نسیم وکی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کپل شرما کی ٹکر کا کوئی کامیڈین نہیں ہے۔
نسیم نے کپل سے پہلی ملاقات کے حوالے سے بتایا تھا کہ کپل میرا چھوٹا بھائی ہے اور وہ مجھ سے بہت محبت کرتا ہے، جب اس کا شو بنا تو وہ مجھ سے ملنے آیا اور مجھے کھانے کی دعوت دی، میں اس کے ساتھ کھانا کھانے گیا، اس ملاقات میں کپل نے کہا تھا کہ میں آپ کے درشن کرنے آیا ہوں۔
نسیم وکی نے کہا تھا بعدازاں میں اس کے شو کا حصہ بنا، کئی بار اسکرپٹ بھی لکھا، ہماری کئی میٹنگز ہوتی رہیں۔