نئی دہلی: بھارتی 1983 ورلڈکپ فاتح ٹیم کے کپتان کپل دیو کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا نے سابق کرکٹر اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کو دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپل دیو کو طبیعت بگڑنے پر فوری طور پر نئی دہلی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی انجیو پلاسٹی کی جائے گی۔
61 سالہ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1978 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے بھارت کی طرف سے 131 ٹیسٹ اور 225 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جب کہ 1983 میں بھارت ان کی کپتانی میں ورلڈکپ کا فاتح بنا۔
کپل دیو نے 1994 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جب کہ وہ 1999 سے 2000 تک بھارتی ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔