کندھ کوٹ: راکٹ کا گولا پھٹنے سے خاتون، بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

کندھ کوٹ: راکٹ کا گولا پھٹنے سے 4 بچوں اور ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گھر میں راکٹ کا گولا پھٹنے کے باعث پیش آیا، جاں بحق افراد میں ایاز سبزوئی، نیاز، حنیفاں اور راشد سمیت 8 افراد شامل ہیں۔ افسوس ناک واقعہ گھوڑا گھٹ تھانے کی حدود علی نواز سبزوئی میں پیش آیا، جہاں اطلاعات کے مطابق راکٹ کا گولا بچوں کو زمین سے ملا، جسے وہ گھر لے آئے۔ ایس ایس پی میر روحل خان کھوسہ نے اس سلسلے میں کہا کہ معاملے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
اس واقعے کا نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پوچھا کہ راکٹ لانچر کا گولا زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا؟ کیا کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہورہی تھی؟ کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ لانچر کیسے بلاسٹ ہوئے، جس سے اتنا جانی نقصان ہوگیا؟، اس معاملے کی تفصیلی رپورٹ دی جائے۔
دریں اثناء پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے راکٹ کا گولا پھٹنے سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں کو اسلحے سے پاک اور جرائم کی آماج گاہ بننے سے روکنا ہوگا۔

 

ExplosionKandhkotRocket LauncherSindh