قلات: ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں 7 جوان شہید

قلات: بلوچستان کے علاقے قلات میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 7 اہلکار شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلات میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے فوری بعد فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ضلع قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہدا کی لاشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ (9 نومبر کو) کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے ایک خودکُش دھماکے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 60 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات کے علاقے میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے دلی اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اہلکاروں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے۔ شہادت کا بلند رتبہ پانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی ہے۔ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہدا ہمارا فخر ہیں۔ لازوال قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قلات میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
اُدھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی ایف سی چیک پوسٹ پر حملے میں اہلکاروں کے شہید ہونے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے لیے فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ فورسز کے جوانوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

7 Soldier MartyredFC Check PostKalatTerrorist attack