کابل بم حملہ، 10 افراد ہلاک، نائب افغان صدر محفوظ!

کابل: بم حملے میں افغانستان کے نائب صدر امر اللہ صالح بال بال بچ گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کی صبح افغان دارالحکومت کابل میں سڑک کنارے بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے جب کہ افغانستان کے پہلے نائب صدر امراللہ صالح حملے میں بال بال بچ گئے۔
نائب صدر کے ترجمان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں نائب صدر کے کچھ محٖافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آج ایک مرتبہ پھر افغانستان کے دشمنوں نے امراللہ صالح کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے شیطانی مقاصد میں ناکام ہوگئے، امراللہ صالح دھماکے میں محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بم حملے میں افغان نائب صدر کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ان کے محافظ زخمی ہوئے۔
افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب کابل کے علاقے تیمانی میں ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فوری طور پر دھماکے کی ذمے داری کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

Deputy president AfghanistanKabul Bomb attack