نیویارک: امریکی گلوکار جسٹن بیبر فالج کی زد میں آگئے، ان کو ’رامسے ہنٹ سنڈروم‘ کی تشخیص ہوئی ہے جو چہرے کے فالج کا سبب بنتا ہے۔
معروف گلوکار جسٹن بیبر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے جسٹس ورلڈ ٹور کو منسوخ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں چہرے کا فالج ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں’رامسے ہنٹ سنڈروم‘ نامی ایک بیماری میں مبتلا ہوگیا ہوں، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میری ایک آنکھ نہیں جھپک رہی نہ ہی میں مسکرا سکتا ہوں، مجھے اس سنڈروم کی وجہ سے آدھے چہرے کا فالج ہوگیا ہے۔
مشہور گانے ’’بے بی‘‘ کے گلوکار نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ یہ اہم ہے براہ کرم دیکھیں، میں آپ لوگوں سے پیار کرتا ہوں مجھے اپنی دعاؤں میں رکھیں۔
جسٹن بیبر نے کہا کہ میرے آدھے چہرے پر مکمل فالج ہے، اس لیے جو لوگ میرے اگلے شوز کی منسوخی سے مایوس ہیں، ظاہر ہےمیں ان شوز کو کرنے کے قابل نہیں، جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں یہ کافی سنجیدہ ہے، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
جسٹن نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ اس بیماری کا علاج کروا رہے ہیں اور چہرے کی مشقیں بھی کر رہے ہیں انہیں نہیں معلوم کہ اس میں کتنا وقت لگے گا مگر وہ جلد ٹھیک ہو کر واپس آئیں گے۔