8 دسمبر تک مدارس بل منظور نہ ہونے پر اسلام آباد کا رخ کریں گے، جے یو آئی

لاہور: جے یو آئی (ف) نے حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے کہ 8 دسمبر تک دینی مدارس کا بل منظور نہ ہوا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
سیکریٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ حکومت کو دینی مدارس کا بل ہر صورت میں منظور کرنا ہوگا۔ 8 دسمبر تک بل منظور نہ کیا گیا تو اسلام آباد کا رُخ کریں گے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہم مذہبی لوگ ہیں، نہیں چاہتے اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے، ملک بھی اس چیز کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بل منظور کرکے روکنا بدنیتی ہے، یہ جے یو آئی اور وفاق المدارس کا بل نہیں، تمام تنظیمات مدارس کا بل ہے۔
اس سے قبل جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ حکومت نے 7 دسمبر تک مدارس بل پر دستخط نہ کیے تو 8 دسمبر کو پشاور میں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو مدارس رجسٹریشن بل پر تحفظات سے متعلق آگاہ کیا، جس پر شہباز شریف نے بل پر تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا حکومت متفقہ بل کو متنازع بنانے سے گریز کرے، مدارس کی آزادی، حریت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
دوسری جانب جے یو آئی کے رہنما حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل کو مسترد کرکے طبل جنگ بجادیا، بل مسترد کرنا پارلیمنٹ، جمہوریت اور آئین کے چہرے پر زوردار طمانچہ ہے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ بل مسترد کرنے کے ذمے دار صدر کے ساتھ شہباز شریف اور بلاول بھی ہیں۔
خیال رہے کہ صدر مملکت آصف زرداری نے مدارس رجسٹریشن کا بل اعتراض لگاکر واپس بھجوادیا تھا۔

Ghafoor HaideryJUI (f)Madaris BillSecretary generalUltimatum to Govt