جج اور اہل خانہ کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار

پشاور: پولیس نے جج آفتاب آفریدی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او صوابی محمد شعیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول جج جسٹس آفتاب آفریدی کے قاتلوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں عزیز عرف عزیزو سکنہ ڈاک کلے اور داؤد سکنہ ماشو بانڈہ شامل ہیں جب کہ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش تمام حقائق اُگل دیے اور بتایا کہ واردات میں تین گاڑیاں استعمال ہوئیں، ایک گاڑی پائلٹ کررہی تھی ایک میں شوٹر تھے اور ایک گاڑی بیک آپ کر رہی تھی۔
ڈی پی او محمد شعیب نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر پولیس نے تمام ملزمان کی شناخت کرلی اور گرفتاری تک ان کے نام صیغہ راز میں رکھے جارہے ہیں، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ تھا، دونوں خاندانوں کی آپس میں سات آٹھ سال سے دشمنی چلی آرہی ہے، صوابی پولیس نے موقع کی شہادت کو مدنظر رکھ کر بہترین تفتیش کے ذریعے صرف دو دن میں ملزمان کو گرفتار کیا اور معاملہ حل کیا۔
واضح رہے کہ 4 اپریل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تعینات جج جسٹس آفتاب آفریدی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سوات سے اسلام آباد جارہے تھے کہ صوابی کے انبار انٹرچینج نزد دریائے سندھ پل کے قریب نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں جسٹس آفتاب، ان کی اہلیہ بی بی زینب، بیٹی کرن اور اس کا 3 سالہ بیٹا محمد سنان شہید ہوگئے تھے۔

Aftab AfridiATC JudgeMurder caseSawabiملزمان گرفتار