کراچی: کانز ایوارڈ جیتنے والی پاکستان کی مختصر دورانیے کی فلم جوائے لینڈ کا مزید دو عالمی فلم فیسٹیولز کے لیے انتخاب کرلیا گیا۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف ہدایت کار، لکھاری اور اداکار صائم صادق کی اس مختصر فلم کی نمایاں کاسٹ میں ثانیہ سعید، ثناء جعفری، علی جونیجو، علینہ خان، ثروت گیلانی، راستی فاروق سمیت دیگر شامل ہیں۔
صائم صادق نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ رواں ماہ ‘جوائے لینڈ’ کو آسٹریلیا میں ہونے والے فلم فیسٹیول ‘انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن’ (آئی ایف ایف ایم) میں بھی پیش کیا جائے گا جہاں اس کا مقابلہ متعدد ملکوں کی مختصر دورانیے کی فلموں سے ہوگا۔ آئی ایف ایف ایم فیسٹیول 13 اگست سے 30 اگست کے دوران منعقد کیا جائے گا۔
اس سے قبل صائم صادق نے بتایا تھا کہ ان کی فلم کو آئندہ ماہ ستمبر میں کینیڈا میں ہونے والے شہرت یافتہ ‘ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول’ (ٹی آئی آئی ایف) میں بھی پیش کیا جائے گا۔
اس سے قبل 2019 میں صائم صادق کی شارٹ فلم ڈارلنگ وینس اورٹورنٹو فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہے۔
ٖدھیان رہے کہ جوائے لینڈ کو کانز: کوئیر پام ایوارڈ عطا کیا گیا تھا، جو خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے، یہ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ‘کوئیر پام’ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، فلم کو سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن نے پروڈیوس کیا ہے۔