لاہور: اتوار کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر صدف نعیم کو میانی صاحب قبرستان لاہور میں سپردخاک کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران اپنی صحافتی ذمے داریوں کی ادائیگی کے دوران حادثے میں جاں بحق نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر صدف نعیم کو میانی صاحب قبرستان لاہور میں سپردخاک کردیا گیا، اس سے قبل ان کی نمازجنازہ اِچھرہ میں ادا کی گئی۔
تحریک انصاف کے فواد چوہدری، حماد اظہر و دیگر نے صدف نعیم کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی نماز جنازہ میں شرکت بھی کی، ان کے علاوہ نماز جنازہ میں پی ایف یو جے، پی یو جے کے عہدیداروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
حکومت پنجاب نے مرحومہ کے لواحقین کے لیے 25 لاکھ روپے امداد اور بچوں کے تعلیمی اخراجات کے لیے وظیفہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم عمران خان کی ہدایت پر امداد رقم بڑھا کر 50 لاکھ روپے کردی گئی۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لیے 50 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کردیا۔
مسلم لیگ ن کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مرحومہ خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لیے 50 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک اہل خانہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل مرحومہ صدف نعیم کے شوہر نے متعلقہ تھانے کو اپنے خط میں لکھا تھا کہ یہ ایک حادثہ ہے، میں کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہتا، جس کے بعد خاتون صحافی کی میت ڈی ایچ کیو اسپتال سے بغیر کسی قانونی کارروائی کے شوہر کے حوالے کردی گئی تھی۔