اسلام آباد: سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز کو اپنی بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کی بہو کو گھر میں قتل کیا گیا، ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے اپنی بیوی سارہ کو قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز کو حراست میں لیا گیا ہے اور مقتولہ سارہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پمز منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے، جو بھی حقائق سامنے آئے وہ شیئر کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایاز امیر کی بہو سارہ کے قتل کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایاز امیر کی بہو گزشتہ روز ہی دبئی سے پاکستان پہنچی تھیں اور وطن پہنچ کر انہوں نے گزشتہ روز ہی گاڑی بھی خریدی تھی۔
فیملی ذرائع کا بتانا ہے کہ مقتولہ سارہ دبئی میں ملازمت کرتی تھی اور دونوں کی تین ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی، مقتولہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہ نواز سے رابطہ ہوا تھا، پھر دونوں نے شادی کرلی تھی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہی سارہ اور شاہ نواز کے درمیان تکرار ہوئی تھی، جس کے بعد شاہ نواز نے سارہ کے سر پر لوہے کی چیز ماری۔
ذرائع کے مطابق سر پر چوٹ لگنے پر سارہ بے ہوش ہوگئی تو شاہ نواز نے اسے باتھ روم کے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایاز امیر کی سابق اہلیہ جو اس وقت فارم ہاؤس پر ہی موجود تھیں، جب انہوں نے یہ مناظر دیکھے تو پولیس کو اطلاع دی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی فارنزک ٹیم نے موقع سے تمام شواہد اور آلہ قتل برآمد کرکے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔