واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن کا کتا محافظوں اور اہلکاروں کے لیے خطرے کی گھنٹی بن گیا، جس پر کمانڈر نامی اس کتے کو وائٹ ہاؤس سے بے دخل کردیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیائی ادارے سی این این کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ وائٹ ہاؤس میں جوبائیڈن کے چہیتے کتے کمانڈر نے اکتوبر 2022 سے جولائی 2023 کے درمیان کم از کم 24 بار امریکی صدر کی حفاظت پر مامور خفیہ سروس کے اہلکاروں کو بری طرح کاٹا تھا۔
کتے کے کاٹنے کی وجہ سے ان اہلکاروں کی کلائی، بازو، کہنی، کمر، سینے، ران اور کندھے پر گہرے زخم آئے تھے اور ایک اہلکار کو ٹانکوں کی ضرورت بھی پڑی تھی جب کہ ایک اہلکار کے خون سے وائٹ ہاؤس کا فرش لال ہوگیا تھا۔
اُس وقت وائٹ ہاؤس کے فرش کو دھونے میں 20 منٹ لگے اور ایسٹ ونگ کے دوروں کو آدھے گھنٹے کے لیے معطل کرنا پڑا تھا۔ ان پے درپے واقعات پر جوبائیڈن کے حفاظتی اہلکاروں میں میڈیکل کٹ بھی تقسیم کی گئی تھی۔
اس میڈیکل کٹ میں حفاظتی مقاصد کے لیے درد کش ادویہ، اینٹی بائیوٹک مرہم، کالی مرچ کا اسپرے، ایک مغز اور کتے کے بسکٹ سمیت ایک چھوٹا نگہداشت پیکیج شامل تھا۔
تاہم کمانڈر کتے کی جانب سے اہلکاروں پر حملے نہ رکنے کی وجہ سے بالآخر اُسے گزشتہ سال کے آخر میں وائٹ ہاؤس سے منتقل کردیا گیا، تاہم اُس وقت وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔