واشنگٹن: ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں کورونا وبا کی صورت حال بہتر ہونے سے پہلے مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ وہ صدر منتخب ہونے پر مسلمانوں کو بھی اپنی انتظامیہ میں شامل کریں گے۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ امریکا میں کورونا وائرس کی صورت حال بہتر ہونے سے پہلے مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ٹرمپ نے تمام امریکی شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اثر پڑے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر کے مشیروں نے انہیں نیا لہجہ اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکا میں مزید ایک ہزار 119 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار تک پہنچ گئی، مزید 67 ہزار کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد 40 لاکھ 29 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
ادھر پنسلوانیا میں صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے مسلم امریکن تنظیم سے خطاب میں کہا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو مسلمانوں کا بھرپور ساتھ دیں گے اور ان کو بائیڈن انتظامیہ میں اہم عہدے دیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں اور مسلم ممالک پر لگی سفری پابندیاں اپنی صدارت کے پہلے روز ہی ہٹادیں گے۔ جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ سیاہ فام خاتون کو نائب صدر بنانے پر غور کررہے ہیں۔